(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مصرمیں چند ماہ قبل مبینہ طورپر اغواء ہونے والے چار فلسطینیوں کے اہل خانہ پر مشتمل کمیٹی نے اپنے پیاروں کی رہائی کے لیے ایک ملین افراد کے دستخط حاصل کرنے کی تازہ مہم شروع کی ہے۔
خیال رہے کہ چھ ماہ قبل غزہ کی پٹی سے مصرجانے والے چار نوجوانوں کو پولیس وردیوں میں ملبوس افراد اغوا کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، جس کے بعد ان کے بارے میں کوئی پتا نہیں چل سکا ہے۔رپورٹ کے مطابق عوامی یکجہتی فورم برائے اغواء شدگان کی جانب سے آج ہفتے کو غزہ کی پٹی میں مصری سفارت خانے کے باہرایک مہم شروع کی گئی جس میں اغواء ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ، سماجی کارکنوں اور صحافیوں کے علاوہ عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مغوی شہریوں کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی تلاش کے لیے تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر عوامی یکجہتی فورم کے مندوب محمد سلطان نے کہا کہ ہم اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے آئینی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اغواء کیے گئے فلسطینی مجرم نہیں اور نہ ہی وہ مصر کے لیے کسی قسم کا خطرہ تھے۔ ان کی بازیابی اور بہ حفاظت واپسی مصری حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پرمغویوں کی بازیابی کے لیے ایک ملین افراد کے دستخط حاصل کرنے کی مہم شروع کی گئی۔
