(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) افریقی عرب ملک مراکش نے خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام سمیت فلسطینی قوم کے تمام جائز اور دیرینہ مطالبات کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپی ملکوں میں فلسطینیوں کی نمائندہ گروپ ’’یورپ میں فلسطین کانفرنس‘‘ کےایک نمائندہ وفد نے گذشتہ روز رباط میں مراکش کے وزیراعظم عبدالالہ بن کیران سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطینی مندوبین نے فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں مراکشی وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پروزیراعظم بن کیران نے فلسطینیوں کے تمام جائز اور دیرینہ مطالبات کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ رباط فلسطینیوں کے حقوق کے لیے دنیا میں ہرمقام پرہونے والی مساعی کی حمایت جاری رکھے گا۔ملاقات کے بعد یورپ میں فلسطینی کانفرنس کے چیئرمین ماجد الزیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں مراکشی وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد نے فلسطین کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں مراکشی قیادت کو تفصیلی بریفنگ دی ہے۔
ماجد لزیر نے بتایا کہ مراکش کے وزیراعظم، بادشاہ شاہ محمد ششم اور وہاں کے عوام میں فلسطینی قوم کے حوالے سے گہرے ہمدردی کے جذبات موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلسطینی قوم بھی مراکش کے عوام اور وہاں کے حکمرانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ماجد الزیر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم بن کیران نے فلسطینیوں کے تمام حقوق کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا ہے کہ ان کا ملک فلسطینی قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔