افریقی عرب ملک مراکش میں جامعات کے طلباء کی بڑی تعداد نے گذشتہ روز اکادیر شہر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں کالجوں اور جامعات کے طلبا، اساتذہ اور عام شہریوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، نصرت مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کے حوالے سے ریلی کا اہتمام اکادیر شہر میں قائم بن زھر یونیورسٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ہفتے کے روز ہونے والے مظاہرے میں جامعہ بن زھر کے علاوہ کئی دوسری جامعات کے طلباء، اساتذہ اور عام شہریوں نے بھی شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، مسجد اقصیٰ کی تصاویر اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ بینروں پر عرب ممالک اور مسلمان حکومتوں سے قبلہ اول کے دفاع کے حق میں نعرے اور مطالبات درج تھے۔
اس موقع پر طلباء کی جانب سے فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ القدس کو ڈرامائی انداز میں پیش کرنے کے فن کا بھی مظاہرہ کیا گیا جسے طلباء اور عام شہریوں نے بھرپور پذیرائی دی۔