شہید حماد زکزکی کا پاکستان کی عظیم اور بہادر قوم کے نام پیغام اور اس کا متن درج ذیل ہے:
میرا نام حماد ابراہیم ہے اور میں آپ سے عالمی یوم القدس کے بارے میں مخاطب ہوں اور بالخصوص یوم القدس جو کہ نائیجیریا میں منعقد کیا جاتا ہے، عالمی یوم القدس جو کہ رمضان المبار ک کے آخری جمعہ کو منایا جاتا ہے اور نائیجیریا میں یہ ایک بہت بڑا اجتماع ہوتا ہے جس میں لاکھوں افراد شریک ہوتے ہیں۔میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ نائیجیریا میں عالمی یوم القدس 25چھوٹے بڑے شہروں میں منایا جاتا ہے جہاں پر نائیجیریا کی کثیر تعداد شریک ہوتی ہے۔عالمی یوم القدس کے اجتماعات نائیجیریا میں ہمیشہ سے ہی حساس رہے ہیں اور کیونکہ نائیجیریا کی حکومت اسرائیل کی حامی ہے اور ہمیشہ سے اسرائیل کے مفادات کا تحفظ کرتی آئی ہے ، جیسا کہ میں نے کہا کہ نائیجیریا کی حکومت ایک اسرائیل حامی حکومت ہے وہ عوام کے مفادات کے بجائے اسرائیلی مفادات کو ترجیح دیتی ہے۔اسلامی تحریک نائیجیریا میں فلسطینیوں کی حمایت میں یوم القدس کے اجتماعات کا اہتمام کرتی ہے اور ان اجتماعات کو ہمیشہ خطرات لاحق رہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ القدس کے ان اجتماعات کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
عالمی یوم القدس کے اجتماع کو پہلی مرتبہ سنہ2003ء میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں آٹھ افراد شہید ہوئے تھے یہ حملہ نائیجیریا کے شہر کانو میں کیا گیا تھا،دوسرا حملہ بھی القدس کے اجتماع میں سنہ2009ء میں کیا گیا جس میں دو افراد شہید ہوئے اور متعدد زخمی ہو گئے ، اسی طرح تیسرا حملہ جو کہ بہت ہی خطر ناک تھا اور یہ زاریا شہر میں القدس ریلی کے دوران ہی کیا گیا جہاں 33افراد شہید ہوئے جوکہ اسلامی تحریک نائیجیریا کے حامی اور اراکین تھے ۔
مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ ان شہداء میں تین میرے سگے بھائی احمد، حامد اور محمود تھے جو کہ اسلامی تحریک کے قائدین بھی تھے اور شیخ ابراہیم زکزکی کے فرزند تھے۔اسی حملے میں تقریباً دو سو کے قریب افراد شدید زخمی بھی ہوئے تھے۔
’’میرا پاکستان کی عظیم قوم کو پیغام یکجہتی یہ ہے کہ خصوصاً ان پاکستانی شہداء کے خانوادوں کو کہ جنہوں نے اپنے پیاروں کو اس راہ میں قربان کیا ہے اور ان کے پیارے پاکستان کے شہر کوئٹہ میں یوم القدس ریلی میں شہید ہوئے ‘‘۔
مجھے فخر ہے کہ میرے بھائی یوم القدس ریلی میں شہید ہوئے اور وہ فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے اس دار فانی سے چلے گئے۔
سلام ہو شہید حماد زکزکی پر،