اسرائیلی وزیرخارجہ آوی گیڈور لائبرمین کی لاطینی ریاست ارجنٹائن آمد پرانسانی حقوق کی تنظیموں اور مقامی یہودی شہریوں نے اسرائیل کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔
مظاہرین نے احتجاج کے دوران اسرائیل کی مشرق وسطیٰ میں ظالمانہ پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ظالمانہ قراردیا۔ ارجنٹائن میں ہونے والے ان مظاہروں میں شہریوں نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پراسرائیل سے مشرق وسطیٰ میں انتہا پسندانہ اقدامات بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیرخارجہ لاطینی امریکہ کی ریاستوں کے دس روزہ دورے پر ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد ارجنٹائن میں ایرانی اثرو نفوذ کو کم کرنا ہے۔ گذشتہ روز ارجنٹائن پہنچنے پرانہوں نے اپنے اجنٹائنی ہم منصب "جورج ٹایانا”سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات پربات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ نومبر میں صدر شمعون پیریز کے دورے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ یہاں سے واپسی پراسرائیلی وزیرخارجہ لاطینی امریکہ کی دیگر ریاستوں برازیل، پیرو اور کولمبیا بھی جائیں گے۔