نیویارک (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نیکولائی میلادینوف نے فلسطین کے علاقے غرب اردن میں ہفتے کے روز صیہونی شرپسندوں کے ہاتھوں ایک فلسطینی شہری کی شہادت اور تیس کے زخمی کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کو غاصب صیہونی اشرار کے حملوں سے تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ مندوب نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’’ٹوئٹر‘‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان کہا کہ غرب اردن کے نواحی علاقے رام اللہ میں المغیر کے مقام پر صیہونی بلوائیوں کے حملے میں نعسان نامی شہری کی شہادت اور 30 افراد کے زخمی ہونے کے معاملے میں ملوث صیہونیوں کا محاسبہ کیا جائے۔
میلاڈینوف کا کہنا ہے کہ بے گناہ اور نہتے فلسطینیوں پر مسلح صیہونی آباد کاروں کا حملہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی سرپرستی میں ہونے والی جنگی کارروائی ہے اور اسے کسی صورت میں قابل قبول قرار نہیں دیا جاسکتا۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز صیہونی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے رام اللہ میں المغیر کے مقام پر فلسطینیوں کے گھروں پرحملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور دو درن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
اقوام متحدہ کے مندوب نے رام اللہ میں صیہونی آباد کاروں کی کارروائی کو مجرمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس حملے میں ملوث صیہونی عناصر کا کڑا محاسبہ کیا۔