(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس ادارے’’امان‘‘ نے خبردار کیا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جاری مزاحمتی کارروائیوں کے نتیجے میں پورا صہیونی معاشرہ بدترین انتشارکا شکار ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس ادارے کے چیف ’’ہرٹزی ھلیوی‘‘ نے ’’ہوڈ ھشارون‘‘ کے مقام پرایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس وقت دو طرح کی تشویش لاحق ہے۔ ایک تشویش فلسطینی شہریوں کی جانب سے مزاحمتی کارروائیوں کی ہے جب کہ دوسری ان کارروائیوں کے نتیجے میں اسرائیلی معاشرے میں پیدا ہونے والی پھوٹ اور انتشار کی ہے۔ معاشرے میں انتشار کا خوف فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں سے بھی زیادہ ہے۔اسرائیلی فوجی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت مشکل حالات کا سامنا کیا ہے مگر مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئی ہیں۔ آنے والے وقت میں ہمیں پہلے کی نسبت زیادہ سنگین حالات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ فلسطین میں گذشتہ برس اکتوبر کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کے دوران جہاں فلسطینی شہریوں کا جانی نقصان ہوا ہےوہیں اس تحریک نے صہیونی ریاست کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔
