فلسطین کے انفارمیشن سنٹر کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے منگل کی سہ پہر کو غرب اردن میں، شمالی بیت لحم میں واقع "الکونتینر” چک پوسٹ پر سولہ، سالہ جوان طارق زیادہ غریبہ کو کئی گولیاں مارکر شہید کردیا- اسرائیلی فوجیوں نے اس جوان کی شہادت کے بعد اس چک پوسٹ کو بند کردیا اور فلسطینیوں کی گاڑیاں وہاں آنے پر روک لگا دی اور ان گاڑیوں پر آنسو گیس کے گولے بھی پھینکے-
مذکورہ فلسطینی نوجوان کی شہادت کے بعد انتفاضہ قدس کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چوراسی ہوگئی ہے۔ در ایں اثنا غاصب صیہونی فوجیوں نے منگل کے روز ایک فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولیاں مار دیں جب وہ بیت المقدس کے عامود نامی علاقے سے گز رہا تھا جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگیا۔
صیہونی فوجیوں نے منگل کے روز ایک اور واقعے میں بیت المقدس کے علاقے بیت حنینا میں دو فلسطینی بچوں پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہوگیا۔مسجدالاقصی پر صیہونی آبادکاروں کے پے در پے حملوں اور اس مقدس مقام کی تقسیم کی سازش کے خلاف فلسطینی عوام نے یکم اکتوبر سے مزاحمت کا آغاز کردیا ہے۔ فلسطینیوں کی اس مزاحمت کو انتفاضہ قدس کا نام دیا جارہا ہے۔