ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے چیئرمین بریگیڈیئر جنرل جبرل الرجوب اور ان کے سعودی عرب منصب احمد عید کے درمیان 21 ستمبر کو اردن کے صدر مقام عمان میں اہم ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں سعودی عرب کی جانب سے غزہ کی پٹی میں دونوں ملکوں کی فٹبال ٹیموں کےدرمیان مقابلے کی تجویز دی گئی تھی تاہم فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار نے سعودی عرب کی تجویز ناقابل عمل قرار دے کر اسے مسترد کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی فٹبال فیڈریشن کے چیئرمین احمد عید نے تجویز دی تھی کہ سنہ 2018 ، اور 2019 ء کے فلسطین۔ سعودی عرب فٹبال مقابلوں کے لیے غزہ کی پٹی کا انتخاب کیا جائے۔ تاہم جبریل الرجوب سعودی عرب کی اس تجویز سے متفق نہیں ہوسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے سعودی عرب اور فلسطین کی ٹیموں کے درمیان مقابلے کے لیے شمالی بیت المقدس کے فیصل الحسینی فٹبال گرائونڈ میں کھیلنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم سعودی عرب نے یہ تجویز قبول نہیں کی اور کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے ان کی ٹیم کو بیت المقدس میں داخلے اور وہاں پر کسی بھی کھیل میں حصہ لینے میں تکنیکی مشکلات کا سامناکرنا پڑسکتا ہے۔
اس کے جواب میں فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کو عمان سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فیصل الحسینی فٹبال گروائونڈ میں لایا جائے گا۔ مقابلہ ختم ہونے کے بعد انہیں ہیلی کاپٹر ہی کی مدد سے وہاں سے واپس عمان منتقل کردیا جائے گا۔ تاہم سعودی عرب نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان فٹبال مقابلہ مقبوضہ فلسطینی شہروں سے باہر ہونا چاہیے۔