(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترکی نے مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہودی آبادکاروں کیلئے نئے رہائشی یونٹوں کی تعمیر کا اعلان قابل مذمت اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔
ترکی کی وزارت خارجہ نے صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں یہودی آباد کاروں کے لیے دو ہزار سے زائد نئے رہائشی یونٹوں کی تعمیر کے اعلان کو قابل مذمت اور عالمی قوانین کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم اسرائیل کے اس غیر قانونی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
یہ اقدام فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کو کھلم کھلا نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔انقرہ نے عالمی برادری پر ایک بار پھر فلسطینی علاقوں پر قبضے اور فلسطینی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے ازالے کے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت پر زور دیا۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں میں یہودی آباد کاروں کے لیے 2 ہزار 342 نئے گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔