فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی نوجوان ابراہیم سمیر اسکافی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 22 سالہ ابراہیم اسکافی کو بدھ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے اس وقت گولیاں مار کر شہید کردیا تھا جب اس کی گاڑی کی ٹکر سے دو یہودی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ بعد ازاں ان میں سے ایک فوجی اسپتال میں ہلاک ہوگیا تھا۔شہید فلسطینی ابراہیم اسکافی کی نماز جنازہ اس کے آبائی شہر الخلیل میں جامع مسجد حسین بن علی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں الخلیل شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ جنازے کے شرکاء نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔