فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں اتوار کے روز "الفی منشیہ یہودی کالونی کے قریب ایک فلسطینی نے چاقو کے وار سے یہودی ربی کو زخمی کردیا۔
اسرائیل کے عبرانی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہودی کالونی کےقریب یہودی مذہبی رہ نما ء پر چاقو سے حملہ ایک منظم کارروائی تھی جس کا مقصد یہودی پیشوا کو موت کےگھاٹ اتارنا تھا۔اسرائیلی میڈٰیا کا کہنا ہے کہ یہودی ربی کو اس وقت چاقو سے حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی کار میں جا رہا تھا۔ اس دوران ایک فلسطینی نے اس کی کار روک کر اس پر چاقو سے بپے درپے متعدد حملے کیے جن کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ حملہ آور موقع سے فرار میں کامیاب ہوگیا۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی کے مطابق یہودی ربی جب قلقیلیہ میں الیاھو چوکی کےقریب پہنچا تو اسے ایک فلسطینی نوجوان نے چاقو سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔ بہت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ واقعے کے فوری بعد اسرائیلی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا مگر حملہ آور فلسطینی جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز فلسطینی مزاحمت کاروں کے مختلف مزاحمتی حملوں میں کم سے کم پانچ یہودی آبادکار زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں متعدد فلسطینیوں کے شہید کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔