رپورٹ کے مطابق عطاء اللہ حنا نے کہا کہ فلسطین کے عیسائی اور مسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہم مل کرہی ایک مشترکہ قابض اور غاصب دشمن کے خلاف جدو جہد کو کامیاب بنا سکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں عطاء اللہ حنا کا کہنا تھا کہ عیسائی برادری آزادی فلسطین کی طرف دار ہے۔ ہم اس وقت تک آزادی کے لیے جدو جہد جاری رکھیں گے جب تک فلسطینی قوم کو اس کی امنگوں کے مطابق حقوق نہیں مل جاتے اس وقت فلسطینی اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ عیسائی مذہبی رہنما کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی کا مسئلہ فلسطین کے تمام مسلمانوں اور عیسائیوں کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
بشپ عطاء اللہ نے فلسطین میں اسرائیلی حکومت کی منظم ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ فلسطینیوں کے مکانات مسماری، بے گناہ شہریوں کا قتل عام، فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیزی، مقدس مقامات کی بے حرمتی ایسے اقدامات ہیں جن پر فلسطین کے عیسائیوں اور مسلمانوں کا موقف یکساں ہے۔
