روزنامہ قدس (اسلام آباد ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل پاکستان کی سب سے بڑی اور نمبر ون دشمن ہے۔ روزنامہ قدس خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں کیا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا اسرائیل پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے اور پاکستان کبھی بھی اسرائیل کی جعلی ریاست کو قبول نہیں کرے گا۔ یہ بات انہوں نے حالیہ دنوں سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کے ایک بیان کے جواب میں کی کہ جس میں مشرف نے پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات کو ناگزیر قرار دیا تھا۔ واضح رہے پرویز مشرف کے اسرائیل اور پاکستان کے تعلقات پر زور دینے کے بیان کے اگلے ہی روز بھارت نے پاکستان پر حملہ کر دیا تھا جس کے بعد اب عالمی میڈیا اور پاکستانی اخبار ڈان نیوز نے بھی لکھا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت اسرائیل کی پشت پناہی سے کی تھی۔ تاہم سیاسی تجزیہ نگاروں کی رائے ہے کہ پاکستان پر اسرائیل سے تعلقات بنانے کا مشرف کا بیان یا بھارت کی اسرائیل کی مدد سے جارحیت حکومت پر مزید دباؤ بنانے کے حربوں کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے تا کہ پاکستان کو اسرائیل کی قریب لایا جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اسرائیل کو تسلیم بھی کر لے اور تل ابیب میں بیٹھ کر چوکیداری بھی کرے تب بھی اسرائیل پاکستان جیسے ایٹمی اسلامی ملک کو تباہ کرنے کے ناپاک عزائم سے باز نہیں رہے گا۔