(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے قابض اسرائیل کے مجرمانہ حملے کے بعد قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس درندگی پر قابض اسرائیل کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم ریاست ِ قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں جس پر قابض اسرائیل نے کھلے عام مجرمانہ حملہ کیا ہے۔ طہ نے مزید کہا کہ ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ قطر کے ساتھ عرب و اسلامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
اتوار کو دوحہ میں عرب و اسلامی سربراہی اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کا ایک بند کمرہ اجلاس منعقد ہوا جس میں قطر پر اسرائیلی جارحیت پر غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کی۔
قطری خبر رساں ایجنسی "قنا” کے مطابق اجلاس بند دروازوں کے پیچھے شروع ہوا۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق اس اجلاس میں ایک مجوزہ بیان کی تیاری پر غور ہو رہا ہے جسےآج دوحہ میں ہونے والے عرب و اسلامی سربراہی اجلاس میں پیش کیا جائے گا تاکہ قطر پر قابض اسرائیل کے حملے کی مذمت کی جاسکے۔