قاہرہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عرب لیگ نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیانے کی صیہونی سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے القدس کو یہودیانے کی کارروائیوں کو’’خطرناک جارحیت‘‘ قرار دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عرب لیگ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل القدس کا نقشہ بدلنے اور مسجد اقصیٰ کو صیہونی آباد کاروں کے حوالے کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معاون خصوصی برائے فلسطین سعید ابو علی نے کہا کہ صیہونی آباد کاروں، ارکان کنیسٹ، وزراء اور اسرائیلی سرکاری عہدیداروں کے مسجد اقصٰی پر دھاوے مقدس مقام کے خلاف ننگی جارحیت ہے جس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔
ابو علی کا کہنا تھا کہ اسرائیل امریکا کی پشت پناہی اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی سے فائدہ اُٹھا کر قبلہ اوّل اور مسجد اقصیٰ کو یہودیانے میں سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور اس کےتمام ریاستی ادارے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت القدس میں مذہبی اشتعال انگیزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ میں صیہونیوں کے دھاوے بین الاقوامی قوانین اور مذہبی تعلیمات کے منافی ہے۔
عرب لیگ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے نسل پرستانہ اور استعماری منصوبوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل باقاعدہ منصوبے کے تحت القدس کی اسلامی تاریخی شناخت کو مسخ کرنے کی سازش کررہا ہے۔