(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعرات کو سرنگ کے حادثے میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے 7 کارکنان کی شہادت پر عالم اسلام کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حادثے پر حماس کی قیادت سے اسلامی تنظیموں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ لبنانی مزاحمتی ملیشیا حزب اللہ کے سربراہ الشیخ حسن نصراللہ نے بھی حماس اور القسام بریگیڈ کے رہنماؤں اور کارکنوں سے سرنگ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو غزہ کی پٹی میں سرنگ کی مرمت کرنے والے القسام بریگیڈ کے گیارہ کارکن اس وقت دب گئے تھے جب موسم کی خرابی کے باعث سرنگ بیٹھ گئی تھی۔ حادثے میں سات کارکن شہید ہوگئے تھے تاہم چار کو زندہ بچالیا گیا تھا۔
حسن نصراللہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں غزہ میں سرنگ حادثے میں حماس کے سات کارکنوں کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ دکھ کی اس گھڑی میں حماس اورفلسطینی قوم کے ساتھ ہے۔
حزب اللہ نے شہداء کے اہل خانہ سے بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے فلسطین میں اسرائیل کے خلاف جاری تحریک انتفاضہ کی حمایت کی اور انتفاضہ القدس کے دورن شہید ہونے والے فلسطینیوں کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
