رام اللہ مرکزاطلاعات فلسطین
فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں نے بدترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی شہر الخلیل میں بیت امر کے مقام پر دو کم عمر سگی بہنوں کو وحشیانہ تشدد کا
نشانہ بنایا اور ان کے کپڑے تار تار کردیے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الخلیل شہر کے مقامی سماجی کارکن اوریہودی توسیع پسندی کے خلاف سرگرم کمیٹی کے ترجمان محمد عوض نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے گذشتہ روز الخلیل شہر میں بیت امر کے مقام پر خلیل ابودیہ نامی فلسطینی شہری کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ گھر میں نبیلہ ابودیہ اور اس کی ہمیشرہ جمیلہ موجود تھیں۔ نبیلہ نفسیاتی مریضہ ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے پہلے دونوں بہنوں پر کیمیکل ملا پانی پھینکا اور اس کے بعد دونوں کو لاتوں اور گھونسوں سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی درندوں کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں دونوں بچیوں کے کپڑے تار تار ہوگئے۔ بعد ازاں دونوں بچیوں کو مرہم پٹی کے لیے ایک مقامی کلینک پر لے جایا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے دونوں کم سن بہنوں پر تشدد کے بعد ہلال احمر فلسطین کی ایمبولینس کو ان کے گھرکی طرف جانے بھی روک دیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے کئی گھنٹے تک بیت امر میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا۔فوجیوں کی واپسی کے بعد دونوں بہنوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔