(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رپورٹ کے مطابق ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے فلسطینی اور اسرائیلی سیکیورٹی حکام کا ایک خفیہ اجلاس ہوا جس میں فریقین نے ایک دوسرے سے اعلیٰ سطح پر فوجی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ ہفتے فلسطینی اور اسرائیلی حکام کے درمیان مقبوضہ بیت المقدس میں شاہ داؤد ہوٹل میں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں فلسطینی علاقوں میں سیکیورٹی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔گذشتہ جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں فلسطینی اتھارٹی کے سول امور کے وزیر حسین الشیخ، فلسطینی انٹیلی جنس چیف ماجد فرج، ڈائریکٹر ڈیفنس فورس زیاد ھب الریح اور اسرائیلی سیںٹرل کمانڈ کے عہدیدار جنرل مرڈحائی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی سیکیورٹی عہدیداروں نے اسرائیلی حکام کو یقین دلایا کہ رام اللہ اتھارٹی تل ابیب کے ساتھ ہرسطح پر فوجی تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ اس موقع پر فلسطینی علاقوں میں جاری تحریک انتفاضہ کو کچلنے کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
