بنکاک (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں سیکڑوں فلسطینی پناہ گزینوں اور عرب شہریوں نے اپنے حقوق کے لیے مظاہرہ کیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بنکاک میں اقوام متحدہ کے مقامی دفتر کے باہر سیکڑوں فلسطینی پناہ گزینوں اور عرب شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پناہ گزینوں نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مہاجرین کو عالمی پناہ گزین کا درجہ دینے اور عالمی سطح پران کے حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا انہیں کینیڈا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور دوسرے یورپی ملکوں کی طرح بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔
خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں چھ سال قبل فلسطینی پناہ گزینوں کی کچھ تعداد تھائی لینڈ چلی گئی تھی۔ گذشتہ دو سال کے دوران عراق اور شام میں موجود 600 فلسطینی پناہ گزین تھائی لینڈ میں آباد ہوگئے تھے۔ وہ متعدد بار اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔
تھائی لینڈ میں مقیم پناہ گزینوں کو مالی ،طبی، تعلیمی اور سماجی نوعیت کی مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں قانونی طور پر تحفظ حاصل نہیں ہے۔
پناہ گزینوں نے اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں افریقی اور دوسرے ایشیائی ممالک کے تارکین وطن کا درجہ دیا جائے۔