فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے مسلسل تیسرے روز چھاپہ مار کر زخمیوں اور مریضوں کو زدو کوب کرنے کے ساتھ ساتھ اسپتال پر آنسوگیس کی شیلنگ کی ہے جس کے نیتجے میں درجنوں افراد متاثر ہوئےہیں۔
رپورٹ کے مطابق رات گئے اسرائیلی فوجیوں نے بیت المقدس کے المقاصد اسپتال پر چھاپہ مارا اور وہاں پر موجود زخمیوں اور مریضوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ صہوینی فوج کی کارروائی کے خلاف فلسطینیوں نے احتجاجی جلوس نکالا تو قابض فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھی طاقت کا استعمال کیا۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے منگل اور بدھ کےایام میں بھی المقاصد اسپتال پو چھاپے مارے اور وہاں پر داخل کیے گئے زخمیوں کو زدو کوب کیا تھا۔ اسرائیلی فوجی یہودی آباد کاروں پر سنگ باری کرنے والے فلسطینیوں کی تلاش کی آڑ میں المقاصد اسپتال میں گھس گئے تھے۔
گذشتہ روز اسرائیلی فوجیوں نے اسپتال میں گھس کر نہ صرف وہاں پر موجود زخمیوں اور مریضوں کو زدو کوب کیا بلکہ اسپتال میں لگے خفیہ کیمرے اور کمپیوٹر بھی اٹھا لیے۔