(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ایرانی جوہری سائنسدان کےقتل کے رد عمل میں ایران کی طرف سے ممکنہ جوابی کارروائی پر صہیونی سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے جوہری سائنسدان کے قتل پر زیادہ دیر تک خاموش نہیں رہے گی ، ایران کسی بھی وقت کوئی قدم اٹھا سکتا ہے ، ایران کی طرف سے ممکنہ جوابی کارروائی پر صہیونی سیکیورٹی ادارے الرٹ ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج اور سیکیورٹی ادارے ایران کی طرف سے کسی بھی کارروائی کا جواب دینے کے لیے تیاری کر رہے ہیں تاہم صیہونی فوج میں خوف پایا جارہا ہے کیونکہ ایک جانب حزب اللہ اور دوسری جانب براہ راست ایران کے ساتھ تنازع اسرائیلی سیکیورٹی کیلئے سنجیدہ نوعیت کے خطرات ہے ۔
اسرائیلی عسکری تجزیا کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبہ ڈیل آف دی سنچری کے اور پھر خلیجی ممالک کی جانب سے اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر مزاحمتی تنظیموں سمیت عوام میں غصہ ہے ایسی صورتحال میں اسرائیل کو انتہائی محتاط اور دانشمندی سے اپنے فیصلے کرنا ہوں گے ۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے عالمی سطح پر اسرائیلی سفارت خانوں اور صہیونی تارکین وطن کو حملوں کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایران براہ راست اسرائیل پر میزائل حملے بھی کرسکتا ہے اور کسی بھی ذریعے سے صہیونی ریاست کے اہم عہدیداروں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔