ماسکو (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) روسی نائب وزیرخارجہ میخائل بوگدانوف نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ 15 جنوری کو اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ ماسکو کا سرکاری دورہ کریں گے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ماسکو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ وزیر خارجہ سیرگی لافروف سے بھی ملاقات کریں گے۔
بوگدانوف نے مزید کہا کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور روسی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال، فلسطین۔اسرائیل تنازع، غزہ کی پٹی کی موجودہ صورت حال اور فلسطینیوں کے درمیان مصالحتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسماعیل ھنیہ نے رواں ماہ دسمبر کے وسط میں بیرون ملک دورے پر جانا تھا تاہم بعض وجوہات کی بناء پر ان کا دورہ ملتوی کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کا ایک وفد 10 جنوری کو قاہرہ پہنچے گا وہاں سے وفد کے بیرون ملک دورے کا آغاز ہوگا۔