(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) سعودی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم سے خفیہ ملاقات نہیں ہوئی، شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی سیکریٹری خارجہ کی ملاقات میں صرف سعودی اور امریکی حکام موجود تھے۔
سعودی عرب نے اسرائیل کے وزیر اعظم کی تبوک آمد اور ولی عہد محمد بن سلمان سے خفیہ ملاقات کی خبر سے متعلق سعودی عرب اور اسرائیل کی جانب سے مختلف مؤقف سامنے آیا ہے۔
مملکت سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریس میں شایع ہونے والی ایسی اطلاعات میری نظر سے گزری ہیں جن میں امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے دورۂ سعودی عرب کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان کی اسرائیلی حکام سے ملاقات کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے اس معاملے پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔ اسرائیل میں دائیں بازو کی رجعت پسند جماعت لکوڈ کے ایک اجلاس میں جب نیتن یاہو سے سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں ںے جواب دیا کہ’’دوستو، کیا آپ سنجیدہ ہیں۔ میں کبھی ایسے سوالوں کے جواب نہیں دیتا اور نہ ہی آئندہ دینے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘‘