نیویارک مرکزاطلاعات فلسطین
مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی اور فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کےحوالے سے عرب لیگ کے وزراء خارجہ کا اجلاس آئندہ اتوار 27 ستمبرکو نیویارک میں طلب کیا گیا ہے۔
امریکا میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس اس لیے بلایا گیا ہے کیونکہ ان ایام میں جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں عرب ممالک کی قیادت وہاں موجود ہوگی۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ نے سیکرٹری جنرل نبیل العربی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس آئندہ اتوار کو نیویارک میں منعقد ہوگا جس میں مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کے خلاف اسرائیلی سازشوں اور فلسطینی شہریوں پر مظالم کی روک تھام کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔
عرب لیگ کےسیکرٹری جنرل نے ان خیالات کا اظہار قاہرہ میں عرب لیگ میں فلسطین اورعرب علاقوں کے سفیر محمد صبیح کی الوادعی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے حوالے سے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اتوار کو نیویارک میں ہوگا جب کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو امریکا میں ہوگا۔ او آئی کے اجلاس میں 57 مسلمان ملکوں کے مندوبین شرکت کریں گے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے اسرائیلی فوج اور پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کے بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی سرگرمیوں کونامعقول اور ظالمانہ قرار دیا۔ انہوں نے عرب ممالک اور مسلم حکومتوں پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کے دفاع اور فلسطینیوں کو صہیونی فوج کے مظالم سے نجات دلانے کے لیے موثر حکمت عمل وضع کریں۔