مصرکے دارالحکومت قاہرہ کے ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ایک سینئیرعہدیدار نے اطلاع دی ہے کہ مصر کے لیے اسرائیل کے سفیر اپنے عملے کے ہمراہ دو ماہ بعد دوبارہ قاہرہ پہنچ گئےہیں۔ دو ماہ پیشتر قاہرہ میں مصری مظاہرین کے حملے کے بعد صہیونی سفارت خانہ بند کر دیا گیا تھا اور اسرائیلی سفیر واپس تل ابیب چلا گیا تھا۔
مصری عہدیدارنے بتایا کہ اسرائیلی سفیر اتوار کوعلی الصباح ترکی کی سرکاری ایئرلآئن کی ایک پرواز کے ذریعے قاہرہ پہنچے۔
خیال رہے کہ مصرمیں تعینات اسرائیلی سفیر لیوانون نو ستمبر کو اس وقت مصر چھوڑ گئے تھے جب ہزاروں مصری شہریوں نے”سمت درست کرو” کے عنوان سے ایک احتجاجی ریلی کےدوران قاہرہ میں صہیونی سفارت خانے پر حملہ کر دیا تھا۔ مشتعل مظاہرین نے اسرائیلی سفارتی عملے کو یرغمال بنانے کے بعد دفتر کے اہم ریکارڈ کو آگ لگا دی تھی اور کئی اہم دستاویزات اور کاغذات باہر پھینک دیے تھے۔