عرب لیگ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین کی موجودہ کشیدہ صورت حال اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم پر غور کے لیے عرب وزراء خارجہ کا ہنگامی اجلاس 9 نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں طلب کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد بن حلی نے قاہرہ میں پریس کو جاری ایک بیان میں کہا کہ عرب وزراء خارجہ کا فلسطین کی صورت حال پرہنگامی اجلاس جنوبی امریکا اور کی سربراہ کانفرنس کے موقع پر نو نومبر کو ریاض میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل پر غور کیاجائے گا۔عرب لیگ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ صہیونی فوج نہتے فلسطینیوں پر اندھا دھند گولیاں برسا کر اجتماعی سزا دے رہی ہے۔ نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج اور پولیس منظم دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ جس کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں یکم اکتوبر سے جاری تحریک کےدوران اسرائیلی فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کا وحشیانہ سلسلہ شروع کیا ہے جس میں اب تک 70 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔