فلسطینی تحریک الفتح کےفوجی بازو شہدائے الاقصی نے صیہونی حکومت کی جارحیتوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کا منہ توڑجواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
فلسطین الیوم ویب سائٹ نے خبردی ہے کہ شہدائے الاقصی بریگیڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے ساتھ کسی بھی طرح کی فائربندی کی پابندی نہیں کرے گا شہدائے الاقصی بریگیڈ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینی عوام پر جو ظلم ڈھارہی ہے اورغزہ وغرب اردن میں فلسطینیوں کی جس طرح سے بے احترامی کررہی ہے اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا – واضح رہے کہ صہیونی فوجیوں کے ہاتھوں ہفتے کو ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا ہے – الفتح تنظیم کے فوجی بازو نے کہا ہے کہ صیہونیت مخالف کارروائیاں جلد شروع ہوں گی اس نےغزہ اورغرب اردن میں اپنے حامیوں اورکارکنوں سے کہا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے خلاف جنگ کے لئے تیار ہوجائیں – واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں مسجد الاقصی کی بے حرمتی کئے جانے کے بعد سے پچھلے کئی روز سے فلسطینی علاقوں میں فلسطینیوں اور صیہونیوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جن کے دوران اب تک چالیس سے زائد فلسطینی شہید اورسیکڑوں دیگر زخمی ہوچکےہیں –