اسرائیلی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے مغربی کنارے کے اہم مقامات پر خفیہ کیمرے لگانے کا اعلان کیا ہے تاکہ فلسطینی شہریوں کی اور ان کی گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جاسکے۔ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ خفیہ کیمروں سے چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جاسکے گی۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس اور فلسطین کے بعض دوسرے مقامات پر مانیٹرنگ کیمروں کی تنصیب کاتجربہ کار گر ثابت ہواہے۔ کیمروں کی مدد سے فلسطینی شہریوں اور مشتبہ گاڑیوں کا پیچھا کرنے میں مدد ملتی ہے اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے قبل ہی فوج اور سیکیورٹی اداورں کو الرٹ کردیاجاتا ہے۔غرب اردن میں بھی یہ تجربہ کامیاب ثابت ہوگا۔
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ادارے ایک عرصے سے مغربی کنارے میں خفیہ کیمرے نصب کرنے کے بارے میں غور کررہے تھے مگر اس حوالے سے خطیر بجٹ ایک بڑی رکاوٹ تھی۔ اب بجٹ کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ کم سے کم اس منصوبے پر 63 ملین امریکی ڈالر خرچ ہوں گے۔