اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ جزیرہ النقب میں پانچ نئی یہودی بستیاں تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جزیرہ نما النقب میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کا فیصلہ اتوار کے روز کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے جزیرہ النقب میں پانچ نئی کالونیاں تعمیر کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے منصوبے کے لیے جلد از جلد فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا۔اجلاس کے بعد میڈٰیا سے بات کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے وزیراعظم نے جزیرہ النقب میں یہودی بستیوں کے اعلان کو اسرائیلیوں کے لیے "خوش خبری” قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ جزیرہ النقب میں یہودی کالونیوں کے قیام کا اعلان یہودی عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت نے جزیرہ نما النقب میں فلسطینی اراضی پر 26 یہودی کالونیاں قائم کرنے کی تیاری شروع کی ہے۔ ان میں سے 15 کالونیاں فلسطینیوں کی غصب شدہ اراضی پر جلد ہی شروع کی جائیں گی۔ ان میں سے پانچ کی منظوری گذشتہ اتوار کو ہونے والے اجلاس میں دی گئی ہے۔