پاکستان اور ایران دوستی کے اٹوٹ رشتوں میں منسلک ہیں وقت کے ساتھ ساتھ یہ دوستی اور پائیدار ہوتی جائے گی۔ آزادی القدس کے لئے جدوجہد کرنے والے امت کے بہترین افراد ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان سے آزادی القدس کے لئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام ایران کے راستے ترکی اور بیروت سے گزر کر فلسطین کے لئے جانے والے کاروان کے تہران میں قیام کے دوران، کارواں کے ارکان کی ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اور دوسرے زعماء سے خصوصی ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے رہنما اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے ایوان صدر میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ اسلامی ممالک کے باہمی تعلقات کی مضبوطی وقت کی اہم ضرورت ہے، دنیا بھر کے انسان اب بیدار ہو چکے ہیں اور طاغوت کے تمام ہھکنڈے ناکام ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ایران فلسطینیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑ سکتا, ہم اسرائیل کی اصلیت بھی جانتے ہیں اور اسکی طاقت کی حد سے بھی بخوبی واقف ہیں۔ ایرانی صدر نے بیت المقدس کے لئے جانے والے کارواں کے عزم و حوصلے کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شرکاء کارواں کی استقامت کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن کے سرپرست علامہ قاضی احمد نورانی نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتوں نے پاکستان میں فرقہ واریت اور تعصبات کو ہوا دے کر مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی, لیکن علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی رح نے ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کے ذریعے عملی طور پر اتحاد بین المسلمین قائم کر کے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال نے اپنے اشعار میں تہران کو عالم اسلام کی قیادت کا مرکز قرار دیا اور آج موقع ہے کہ اکابرین کے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا جائے۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ من حیث الاقوم ہر پاکستانی امت مسلمہ کے غم کو اپنا غم سمجھتا ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں دفاع فلسطین دفاع پاکستان ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ القدس کے لئے نکلنے والا کارواں بہ ہر صورت فلسطین پہنچ کر دم لے گا اور انشاءاللہ اہل اسلام تیس مارچ کی نماز جمعہ مسجد اقصٰی میں ادا کریں گے۔ دریں اثنا تہران میں قیام کے دوران اراکین کاروان القدس نے آزادی اسکوئرکا دورہ کیا اور وہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی احمد نورانی نے کاروان القدس کے مقاصد اور اہداف پر روشنی ڈالی۔