بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے اسرائیلی وزرا کو حیران و پریشان کر دیا۔ جی ہاں! اسرائیلی وزراء کو اس وقت حیرت کا جھٹکا لگا جب بھارتی صدر نے یہ کہا کہ ”مجھے حماس بہت پسند ہے۔“ ہوا کچھ یوں کہ بھارتی صدر پرناب مکھرجی اسرائیلی پارلیمنٹ میں اسرائیلی وزراء کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، اس دوران وہ بہت بڑی غلطی کر بیٹھے، جب انہوں نے یہ کہا کہ انہیں حماس بہت پسند ہے۔ موقع پر موجود اسرائیلی وزراء کو حیرت کا شدید دھچکا لگا۔ دراصل بھارتی صدر سے یہ غلطی نادانستہ طور پر سرزرد ہوئی۔ وہ کہنا کچھ چاہتے تھے اور کہہ کچھ گئے۔ بھارتی صدر بیسن سے بنی ڈش ”حمس“ کی تعریف کرنا چاہتے تھے، مگر اس ڈش کے نام کا تلفظ حماس سے ملتا جلتا ہے، جس کے باعث ان کی زبان سے "حماس” نکل گیا۔ بھارتی صدر کے اس لفظ کی اصلاح اس وقت ہوئی، جب انہوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ وہ اور ان کا ملک "بھارت” بیسن سے بنا "حمس” بہت شوق سے کھاتے ہیں، تو جناب پرناب مکھرجی نے اپنے لفظ کی اصلاح بیسن کا ذکر کرکے کر تو دی، مگر اسرائیلی وزراء کی حالت غیر ضرور کر دی، خواہ تھوڑی دیر کیلئے ہی سہی۔ واضح رہے کہ "حمس” اسرائیل کی ایک مشہور ڈش ہے اور حماس اسرائیل مخالف جہادی تنظیم۔