مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’باراک 8‘‘ کا پہلا تجربہ کامیاب رہا ہے۔ بھارت اور اسرائیل کے اشتراک سے تیار کردہ اس پروجیکٹ سے زمین سے فضاء میں دشمن کے راکٹوں کو تباہ کرنے کا تجربہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں یہ خبریں منظرعام پر آئی تھیں کہ اسرائیل بھارت کے تعاون سے ایک نئے دفاعی سسٹم کی تنصیب کا جلد اعلان کرنے والا ہے۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ بھارت کے اشتراک سے آئرن ڈوم طرز کا یہ دفاعی سسٹم ’’باراک 8‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے جس کی تیاری پر ایک ارب 40 کروڑ ڈالر اخراجات ہوئے ہیں۔ بھارت کے تعاون سے اسرائیلی دفاع کا یہ پہلا بڑا منصوبہ ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی بحریہ نے چند ہفتے قبل بھی روسی ساختہ خشکی سے سمندر میں داغے جانے والے ’’یاخونت‘‘ راکٹ کو فضاء میں تباہ کرنے کا ایک کامیاب تجربہ بھی کیا تھا۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ روسی ساختہ میزائلوں کی بڑی تعداد لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے پاس بھی موجودہے۔’’باراک 8‘‘ دفاعی شیلڈ کا مقصد اسرائیلی بحریہ اور بحر متوسط میں قدرتی گیس کے اسرائیلی پلانٹس کو راکٹ حملوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین