(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اقوام متحدہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ قابض ریاست فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کے حد درجہ استعمال کو روکے اور تمام شہریوں کو بلا امتیاز مکمل اور یکساں تحفظ فراہم کرے۔
عالمی میڈیا کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی بربریت کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ میں خصوصی نمائندہ، فرنینڈ ڈی وریننس نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی ریاست کے سرکاری اداروں کی جانب سے صہیونی آباد کاروں اور مسلح گروہوں کو فلسطینی شہریوں پر حملوں اور تخریب کاری کی مکمل حمایت حاصل ہے جس کے باعث شر پسند عناصر فلسطینیوں کےباآسانی جانی اور مالی نقصانات کر تے ہیں جبکہ اسرائیلی سیکیورٹی انتظامیہ فلسطینی عرب برادری کے خلاف ہونےوالے جرائم پر خاموشی اختیار کرتی ہے۔
رپورٹ میں اقلیتوں کے معاملات پر اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ، فرنینڈ ڈی وریننس نے کہا کہ دائیں بازو کے گروہوں اور آباد کاروں سمیت مسلح گروہوں کے اندر فلسطینی شہریوں پر حملے بعض اوقات قابض ریاست کے عناصر کی حمایت کے ساتھ آتے ہیں۔
رپورٹ میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہےکہ مقبوضہ علاقوں کے اندر موجود تمام شہریوں کو بلا امتیاز مکمل اور یکساں تحفظ فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے حالیہ ہفتوں میں مظاہروں کے دوران قابض ریاست کی سیکیورٹی سروسزکی جانب سے فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کے حد درجہ استعمال پر انتباء کر تے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل میں بسنے والی عرب اقلیت کے حقوق کا تحفظ کرے۔