(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) معطل کی جانیوالی صحافیات میں لیلیٰ عودہ، جوویل مارون، دینا ابی صعب اور شریف بی بی پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ صہیونی ریاست کیخلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کی تھیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی بین الاقوامی نیوز نیٹ ورک فرانس 24 نے گزشتہ روز بدھ کو اعلان کیا ہے کہ اپنی عربی سروس میں یہود مخالف ٹویٹ کی تحقیقات کے بعد لبنان میں مقیم اپنی صحافی جوئیل مارون کو ملازمت سے برخاست کردیا ہے جبکہ لیلیٰ عودہ، دینا ابی صعب اور شریف بی بی کو فی الحال کام سے روک دیا ہے۔
نیٹ ورک نے مارون کی تصدیق شدہ سوشل میڈیا پوسٹس کو مجرمانہ طور پر قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس 24 چینل کی ساکھ اور اس کے نیوز روم کی پیشہ ورانہ مہارت کو پہنچنے والے نقصان کے لیے ان کے خلاف شکایت بھی درج کرائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پیر کے روز خبر دی تھی کہ فرانس 24 نے اپنی عربی سروس کے چار صحافیوں کو مشرق وسطیٰ کی رپورٹنگ میں اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے معطل کر دیا ہے۔ پولیٹیکو نیوز ویب سائٹ کے مطابق میڈیا واچ ڈاگ نے صحافیوں پر اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ہولوکاسٹ کا حوالہ دینے کا الزام لگایا ہے۔
جوویل مارون نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر ہٹلر کے حوالے سے لکھا کہ "انہوں نے ہٹلر سے پوچھا کہ ‘تم نے یہودیوں کے ساتھ کیا کیا؟’ اس نے کہا ‘کوئی غیر معمولی بات نہیں، بس ان کے ساتھ باربی کیو کیا تھا’۔
لیلیٰ عودہ نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے جانے والوں کو شہید قراردیا، اسرائیل کا نام لینے کے بجائے اسے سرزمینِ 1948 کہا
دینا ابی صعب نے غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے کو 9/11دہشت گرد حملے سے تشبیہ دی۔