(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ رحمان ملک نے ہمیشہ کشمیراور فلسطین کے مسائل کے حل کے لئے عالمی فورمز پر آواز اٹھائی، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست رحمان ملک گذشتہ روز کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث 70 سال کی عمر میں اسلام آباد کے ایک مقامی ہسپتال میں وفات پا گئےجس پرفاؤنڈیشن کے رہنماؤں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی، نائب امیر جماعت اسلامی مسلم پرویز، سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ارشد نقوی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیر زادہ ازہر علی ہمدانی، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، آل پاکستان سنی تحریک کے مطلوب اعوان، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی، پائیلر کے چئیر مین کرامت علی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم اور دیگر اراکین و ورکنگ کمیٹی نےمرحوم کی فلسطین و کشمیر سمیت یمن کے مظلوموں کیلیے آواز اٹھانے اور عملی طور پر ان کی مدد کے اقدامات کو سراہااور اہل خانہ و سوگواران سے تعزیت کی اور مغفرت کی دعا کی۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ رحمان ملک فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست تھے، انہوں نے ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل کے لئے عالمی فورمز پر آواز اٹھائی،ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔