(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) بحرینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افسر کو بحرین میں پانچویں امریکی بحری بیڑے کے رابطہ افسر کے طور پر کام کرنے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحرین اور قابض ریاست اسرائیل کےدرمیان تعلقات معمول پر لانے کےمعاہدے کے بعداب ان دوطرفہ تعلقات میں مزید پختگی کیلیے پہلی مرتبہ صہیونی بحریہ کے اعلیٰ افسر کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
بحرین کی وزارت خارجہ کی جانب سے اسرائیلی بحریہ کےافسر کی تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ اسرائیلی افسر کو بحرین میں پانچویں امریکی بحری بیڑے کے رابطہ افسر کے طور پر کام کرنے کے لیے مقرر کیا گیا ہےاور حکومت کا یہ اقدام خطے میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کےلیےہے۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا ہے کہ بحرین کے اس اقدام کا مقصد34 سے زائد ممالک کے ساتھ محفوظ اورآزادانہ جہاز رانی کے ایجنڈے کو فروغ دینا ہےاور خلیجی ممالک کے سمندری حدود اور عالمی تجارتی جہازوں کی حفاظت سمیت اُن پر قذاقوں اور دہشت گردوں کے حملے سے بچانا ہے۔
خیال رہے کہ بحرینی حکام کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفصیلات سے گریز کیا گیا ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ چند روز قبل اسرائیلی وزیر دفاع کی آمد پر طے پانے والے معاہدوں میں یہ تعیناتی بھی شامل تھی۔