اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے ہفتے کے روز الخلیل اور القدس سے ایک بچے سمیت آٹھ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ الخلیل کے شمالی ٹاؤن حلحول میں رات گئے اسرائیلی فورسز نے چھاپہ مارا اور نوجوان محمد یوسف سالم بدوی کو گرفتار کرلیا۔ سالم بدوی کی عمر سترہ سال ہے اور اسے عصیون حراستی مرکز منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے ودیع رسمی جابر، پچیس سالہ، کو الخلیل سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام منتقل کیا ہے۔ اسرائیلی فورسز نے رات گئے الخلیل کی جابر کالونی سے ایک بچے کو گرفتار کرلیا تھا، اس سے قبل یہودی بستی کریات اربع کے آباد کاروں کی بڑی تعداد نے اولڈ میونسپلٹی میں زیاد ابو ارمیلہ التمیمی نامی شہری کے گھر پر حملہ کرکے بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی تھی۔
مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے باب العامود میں فلسطینی پرچم لہرانے پر اسرائیلی فوج اور سرحدی گارڈز نے تین فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا جس کے بعد علاقے میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ جھڑپوں کے دوران عرب لبادے میں ملبوس اسرائیلی فوج کے خصوصی یونٹ کے اہلکاروں نے مزید دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین