فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں قابض صہیونی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں مزید آٹھ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیت المقدس میں تلاشی کی کارروائیوں میں الصوانہ کالونی سے منصور ابو غریبہ، اس کے بیٹے احمد اور ایک تیسرے نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا۔ سلوان سے امجد الاعور اور العیسویہ سے یوسف عبید کو حراست میں لیا گیا۔ادھر غرب اردن کے بیت لحم شہر میں اسرائیلی فوجیوں نے العبیدیہ کے مقام سے دو کم عمر لڑکوں کو حراست میں لیا جب کہ تین شہریوں کی گرفتاری کے نوٹس جاری کیے گئے۔
بیت لحم سے حراست میں لیے گئے شہریوں کی شناخت خالد محمد ودایدہ، زیدان احمد شائب اور ھشام نبیل ردائدہ کے ناموں سے کی گئی ہے جن کی عمریں 15 سے 17 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔