(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )ترک حکومت نے قابض اسرائیلی ریاست کی جانب سے صورباھر اور بیت المقدس کے دیگر علاقوں میں 100 سے زائد فلسطینی گھروں کی مسماری کی شدید مذمت کردی۔
ترکی کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطینی گھروں کی مسماری صیہونی ریاست کی فسطائیت اور جارحانہ عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ترک حکومت ایسے اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گھروں کو مسمار کرنے کی پالیسی بیت المقدس کا جغرافیہ تبدیل کرنے کی گھناؤنی اسرائیلی سازش ہے اور اسی سازشوں سے دو ریاستی حل کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی۔
ترکی نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے جرائم کا فوری طور پر محاسبہ کیا جائے اور معاملات کو بہتری کی طرف لے جایا جائے ورنہ مشرق وسطی کا امن بحال ہونا محض ایک خواب بن کر رہ جائے گا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی انتظامیہ نے تمام تر بین الاقوامی تنقید اور فلسطینیوں کے احتجاج کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تین روزقبل مقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں فلسطینیوں کے مکانوں کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔پیر کی شام سیکڑوں اسرائیلی فوجی اہلکار بیت المقدس کے نواحی علاقے صور باہر میں بلڈوزر اور دیگر بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچ گئے اور مکانات کی مسماری کا آغاز کر دیا ۔