رپورٹ کے مطابق منگل کو بیت لحم میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ایک فلسطینی نوجوان جام شہادت نوش کرگیا۔ مقامی طبی ذرائع کے مطابق 20 سالہ معتز زواھرہ کو اسرائیلی فوج نےگولیاں مار دی تھیں جسے اسپتال منتقل کیا گیا تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا۔
قبل ازیں قابض فوج نے بیت المقدس میں فائرنگ کرکے 20 سالہ علاء ابو جمل کوشہید کیا۔بیت المقدس ہی میں 24 سالہ سابق اسیر محمد خلیل علیان کو بھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ بیت المقدس کے دونوں فلسطینی نوجوانوں پر گاڑیوں کے ذریعے یہودی آباد کاروں کو کچلنے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔
مجموعی طورپر رواں ماہ میں اب تک 30 فلسطینی شہید اور 1500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ شہداء میں سات بچے بھی شامل ہیں۔ غرب اردن سے 19 اور غزہ کی پٹی میں 11 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔
ڈیڑھ ہزار زخمیوں میں سے 350 کو براہ راست گولیاں ماری گئیں، 650 کو دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا گیا جب کہ آنسو گیس کی شیلنگ سےہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 150 شہریوں کو لاٹھی چارج کے ذریعے زخمی کیا گیا۔ زخمیوں میں 200 بچے بھی شامل ہیں۔ بچوں میں سے 90 کو بندوق کی گولیاں ماری گئیں۔ 55 بچے دھاتی گولیوں سے زخمی ہوئے جب کہ 40 خواتین بھی زخمی ہوئی ہیں۔