فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ منگل کے روز بہ مطابق 27 اکتوبر کواسرائیلی فوج کی فلسطین میں جاری ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی شہید اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ کریک ڈائون میں پچاس سے زائد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سےجاری کردہ بیان میں بتایا گیاہے کہ صہیونی فوجیوں نے ایک فلسطینی عزالدین شعبان ابو شخدم کو جنوبی بیت لحم میں غوش عتصیون یہودی کالونی کے قریب "مجمع” چوک میں گولیاں مار کر شہید کیا۔ دوسرے فلسطینی شادی نبیل القدسی کو الخلیل شہر میں تل ارمیدہ کے مقام پرشہید کیا گیا۔ الخلیل شہر میں اسرائیلی فوج کے طاقت کے استعمال کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔وزارت صحت کاکہنا ہے کہ امدادی کارکن صہیونی فوجیوں کے حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کو اٹھانے گئے تو قابض فوج نےامدادی عملے کو ان کے قریب نہیں جانے دیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں فلسطینی نوجوانوں نے ان کے فوجیوں پر چاقو سے حملوں کی کوشش کی تھی۔شہید ہونے والے دونوں شہریوں کا تعلق الخلیل سے بتایا جاتا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری ایک الگ بیان میں الخلیل شہر میں تیسرے فلسطینی شہید کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 سالہ ھمام عدنان السعید کو تل الرمیدہ کے مقام پر قریب سے 10 گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
گذشتہ روز مزید تین فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں اکتوبر کے دورن شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 64 ہوگئی ہے۔ شہداء میں 14 بچے شامل ہیں۔ 45 شہداء کا تعلق مغربی کنارے اور 17 کا غزہ کی پٹی سے بتایا جاتا ہے۔
وزارت صحت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں 50 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ مغربی کنارے کے شہروں طولکرم، رام اللہ، الخلی،ل اور دوسرے مقامات پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج میں دن بھر جھڑپیں جاری رہیں۔ زخمیوں میں سے 34 کو براہ راست فائرنگ سے نشانہ بنایاگیا۔ ان میں 25 افراد صرف الخلیل میں زخمی ہوئے۔ آٹھ فلسطینی رام اللہ کے البیرہ کےعلاقے میں زخمی ہوئے۔