(روزنامہ قدس ـ – آنلائن خبر رساں ادارہ) ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے فلسطینی صحافیوں کے قتل پر قابض اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں کسی طاقت کی علامت نہیں بلکہ ایک منفور اور عالمی سطح پر تنہائی میں مبتلا ہونے کی دلیل ہے۔
عراقچی نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ غاصب اسرائیل نے متعدد معروف اور معتبر فلسطینی صحافیوں کو جان بوجھ کر شہید کیا ہے۔ کیا یہ طاقت کی علامت ہے؟ یا یہ اس حقیقت کا اظہار ہے کہ یہ سفاک صہیونی حکومت اب عالمی سطح پر تنہائی اور زوال کی طرف گامزن ہے؟
انہوں نے انسانی حقوق کا دم بھرنے والے مغربی ممالک کی خاموشی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک صہیونی حکومت کی حمایت میں اندھے ہوچکے ہیں اور بے شرمی کی تمام حدود پار چکے ہیں۔