(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) چین نے قابض اسرائیل سے فوری طور پر غزہ کی پٹی میں اپنی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطین کے مسئلے پر عرب ممالک کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنانے پر زور دیا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اطلاعات کے مطابق جنگی جرائم کے مُرتکب وزیرِاعظم اور اعلیٰ سفاک صہیونی سکیورٹی حکام غزہ پر مکمل قبضے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے کہا کہ چین غاصب اسرائیل کے ان خطرناک اقدامات پر گہری تشویش رکھتا ہے اور عالمی اداروں سے انہیں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
چینی مندوب کا کہنا تھا کہ دو ریاستی حل کا مکمل نفاذ اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل ہے۔ انہوں نے ایک مؤثر اور پائیدار جنگ بندی معاہدے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب چین کے خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطیٰ ژائی جون نے بیجنگ میں عرب ممالک کے سفیروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین فلسطینی مسئلے کے حل کے لیے عرب ممالک کے وسیع تر اتحاد اور مزید فعال کردار کی حمایت کرتا ہے۔