(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیل کی افواج نے جنوبی لبنان میں ایک اور سنگین کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک لبنانی شہری شہید ہو گیا۔
لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق منگل کی شام ایک قابض اسرائیلی ڈرون نے مشرقی لبنان کے علاقے بقاع کی بستی بریتال میں ایک گاڑی پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک شخص موقع پر ہی شہید ہو گیا۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دشمن کی جانب سے بھیجے گئے اس ڈرون نے بریتال اور بعلبک کے درمیانی علاقے میں ایک عام شہری کی گاڑی کو ہدف بنایا اور اس پر تین میزائل فائر کیے جو براہ راست گاڑی کو لگے۔
قابض اسرائیل نے ایک بار پھر لبنان کے ساتھ طے شدہ جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ معاہدہ ستائیس نومبر 2024 کو نافذ ہوا تھا لیکن اس کے بعد سے قابض اسرائیل نے ہزاروں بار اس کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک دو سو سولہ شہری شہید اور پانچ سو آٹھ زخمی ہو چکے ہیں ۔
قابض اسرائیل نے لبنان پر اپنی وحشیانہ جارحیت کا آغاز آٹھ اکتوبر 2023 کو کیا تھا جو بعد ازاں تئیس ستمبر 2024 کو ایک بھرپور نسل کش جنگ کی شکل اختیار کر گئی۔
اس سفاکانہ صہیونی جنگ نے لبنان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اب تک چار ہزار سے زائد شہری شہید اور سترہ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ جنوبی لبنان میں بنیادی ڈھانچے کی بڑے پیمانے پر تباہی کے ساتھ وسیع پیمانے پر داخلی نقل مکانی بھی ہوئی ہے۔