(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی مرکزی عدالت نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو یہودی آباد کاروں پرحملوں کے الزام میں بیس ماہ قید کی سز کا حکم دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی اسیران کے اہل خانہ پر مشتمل کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ اسرائیلی عدالت نے اتوار کو 31 سالہ اسیر معاویہ خیری کو یہودی آباد کاروں کا مقابلہ کرنے اور ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ساتھ ساتھ ان پرحملوں کے الزام میں 20 ماہ قید کی سزا کا حکم دیا۔خیال رہے کہ الخیری کو صہیونی فوجیوں نے گذشتہ برس ستمبر میں پرانے بیت المقدس شہر سے حراست میں لیا تھا۔ الخیری ایک بچی کا باپ ہے جو اس کی گرفتاری کے بعد پیدا ہوئی۔
ادھر اسرائیلی حکام نے سترہ سالہ ریاض ابو طہٰ کو 15 ماہ قید مکمل کرنے کے بعد جیل سے رہا کردیا۔ابو طہٰ کو 14 اکتوبر 2013 کو حراست میں لیا گیا تھا اور اس پر یہودی آباد کاروں پر سنگ باری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
