فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں منگل کو علی الصباح فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں کم سے کم دو یہودی آباد کار ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منگل کو علی الصباح فلسطینی شہریوں کی جانب سے گاڑیوں کی ٹکر اور فائرنگ سے دو یہودی ہلاک اور سترہ زخمی ہوئے۔عبرانی اخبار”یدیعوت احرونوت” کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کی گئی ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے القدس میں تین پرتشدد حملے کیے گئے ہیں۔ دو کارروائیوں میں یہودیوں کو گاڑیوں کی ٹکر ماری کر کچلا گیا جب کہ شاہراہ ملک اسرائیل پر فائرنگ کے واقعے میں بھی متعدد یہودی زخمی ہوئےہیں۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق مغربی بیت المقدس میں ملاخی یہودی کالونی کے قریب ایک فلسطینی نے اپنی گاڑی یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ پر چڑھا دی۔
"وللا” ویب سائیٹ کے مطابق گاڑیوں کی ٹکر مارنے والے دونوں فلسطینیوں کی عمریں 22 سے 24 سال کے درمیان ہیں جبکہ تیسرے فلسطینی نے پستول سے یہودی آباد کاروں کا نشانہ بنایا۔