انسانی حقوق کی تنظیم” ہلال احمر فلسطین” کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے پانچ ایام میں مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے تشدد کے نتیجے میں 1300 کے قریب فلسطینی شہری زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امدادی ادارے کی جانب سے تین سے سات اکتوبر تک اسرائیلی فوج اور پولیس کےہاتھوں فلسطینیوں پر تشدد کے واقعات کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طورپر پانچ دنوں میں 1289 فلسطینی زخمی ہوئے۔ ان میں سے 76 فلسطینی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں، 849 فلسطینی آنسو گیس کی شیلنگ سے، 344 دھاتی گولیوں کے حملوں اور 20 لاٹھی چارج سے زخمی ہوئے۔خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں پچھلے کچھ ایام سے سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے پرامن اور نہتے فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال جاری ہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی بارش کی جاتی ہے۔ لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں اور دھاتی گولیوں سے انہیں نشانہ بنایا جاتا ہے۔