فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں بدھ کے روز اسرائیلی فوج کے کریک ڈاؤن میں کم سے کم ایک درجن فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔گرفتار ہونے والوں میں 17 سال کے دو بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سلوان کے مقام پر تلاشی کی کارروائیوں میں 17 سالہ محمد عبدالرئوف جابر اور اس کا ہم عمر محمد علی الرازم کو حراست میں لیا گیا۔العیساویہ کالونی میں تلاشی کی کارروائیوں میں پانچ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کی شناخت حامد عبید، محمد محمود، محمد علیان، بشار داری اور سامر عبید کے ناموں سے کی گئی ہے۔
پرانے بیت المقدس شہر میں گھر گھر تلاشی کے دوران عمر ورامی زعانین اور الشیخ خالد المغربی کو حراست میں لیا گیا۔ صہیونی پولیس نے عبود الحداد نامی نوجوان کی گرفتاری کے لیے اس کے گھر پرچھاپہ مارا تاہم موقع پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے اسے گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ صہیونی پولیس نے اسے تھانے میں خود کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
شمال مشرقی بیت المقدس میں شعفاط کیمپ سے جہاد محیسن کو حراست میں لیا گیا۔ گذشتہ روز اسی کیمپ سے 8 سالہ محمدعبداللہ الشکوکی اور امیر محمد العباسی کو حراست میں لیا گیا تھا۔