قابض صہیونی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں بیت ساحور کے مقام پر فلسطینیوں کی 102 دونم اراضی غصب کرنے کی سازشیں تیز کردی ہیں۔ اراضی غصب کرنے کا مقصد یہودی آباد کاروں کے لیے رہائشی فلیٹس اور کمرشل پلازے تعمیر کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی تجزیہ نگار اور عرب مخطوطات آرنگائزیشن کے ڈائریکٹر خلیل تفکجی نے بتایا کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیر مالیات "موشے کحلون” نے بیت لحم میں بیت ساحور کے مقام پر فلسطینیوں کی ایک سو دو دونم اراضی غصب کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ اراضی یہودی آباد کاروں اور فوج کے مقاصد کے لیے استعمال کی جائے گی۔واضح رہے کہ دونم عبرانی اصطلاح میں ایک ہزار مربع میٹرجگہ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صہیونی حکام کی جانب سے چوکی نمبر 300 کے قریب چار دونم، جبل ابو غنیم میں 70 دونم اور بیت جالا میں 28 دونم اراضی غصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خلیل تفکجی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اخبارات میں شائع ہونے والے ایک اشتہار میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی بھی اس اراضی کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔